مہر خبررساں ایجنسی،بین الاقوامی ڈیسک: امریکہ اور صیہونی حکومت کی ایران کے خلاف جنگ نے مغربی ایشیا کے سلامتی اور سیاسی معادلات کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ اس جنگ کے اثرات صرف فوجی محاذوں تک محدود نہیں رہے بلکہ عالمی معیشت، توانائی کی منڈی اور بین الاقوامی طاقتوں کے باہمی تعلقات تک پھیل چکے ہیں۔ ایک طرف واشنگٹن تہران کے ساتھ محاذ آرائی کے اپنے مقاصد پر اصرار کر رہا ہے، جبکہ دوسری طرف اسے کسی فیصلہ کن نتیجے تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں جنگ کے خاتمے کے امکانات اور خطے میں نئے سلامتی انتظامات کی تشکیل کے حوالے سے کئی اہم سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔
اسی تناظر میں معروف امریکی ماہرِ اقتصادیات اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر جیفری ساکس نے مہر خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے کے امکانات، تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی رکاوٹوں اور فوجی محاذ آرائی جاری رہنے کے نتائج کا جائزہ لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کی خواہش کے باوجود نہ فوجی کارروائیوں کے تسلسل سے اور نہ ہی کسی باضابطہ معاہدے کے ذریعے اس جنگ میں فتح کا اعلان کرنے کے قابل ہوں گے۔
ساکس نے امریکہ کی بالادستی کی خواہش پر مبنی پالیسی اور خطے کی صورتِ حال میں اس کے مغربی اتحادیوں کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے ایران کا محاصرہ ختم کرنے اور مغربی ایشیا سے امریکی افواج کے انخلا کو تنازع ختم کرنے کا راستہ قرار دیا۔ انہوں نے اس گفتگو میں اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی طرف واپسی، بین الاقوامی تبدیلیوں میں برکس اور ابھرتی ہوئی طاقتوں کے کردار اور خودمختار علاقائی سلامتی کے ڈھانچے تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی بات کی۔
تفصیلی گفتگو مندرجہ ذیل ہے:
سوال: امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ طویل غیر یقینی صورتِ حال میں داخل ہو چکی ہے۔ ایسے حالات میں سفارتی کوششوں کو سنگین رکاوٹوں کا سامنا ہے اور فوجی محاذ آرائی دوبارہ شروع ہونے کا خدشہ بھی بدستور تشویش ناک ہے۔ آپ کے خیال میں پائیدار سیاسی حل کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹیں کیا ہیں اور کشیدگی میں دوبارہ اضافے کو روکنے کے لیے کیا اقدامات ضروری ہیں؟
جیفری ساکس: سب سے بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ امریکی حکومت اور بالخصوص ٹرمپ کمزور دکھائی نہیں دینا چاہتے، لیکن وہ نہ میدانِ جنگ میں فتح حاصل کر سکتے ہیں اور نہ کسی باضابطہ معاہدے کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ اسی وجہ سے میں ایک عرصے سے کسی بھی باضابطہ معاہدے کے بغیر تنازع ختم کرنے کی حمایت کرتا آ رہا ہوں۔
تنازع کا اس طرح خاتمہ ایران کی سلامتی کو برقرار رکھے گا، تباہی کا سلسلہ ختم کرے گا، آبنائے ہرمز کو کھول دے گا اور ٹرمپ کو یہ آزادی دے گا کہ وہ جو چاہیں کہتے رہیں۔ امریکہ کو صرف محاصرہ ختم کرکے واپس اپنے ملک چلے جانا چاہیے۔
جہاں تک پابندیوں کا تعلق ہے تو بدقسمتی سے اس بات کا امکان کم ہے کہ امریکہ انہیں جلد ختم کرے گا، لیکن اس کے باوجود ایران کے پاس متعدد تجارتی شراکت دار موجود رہیں گے، بالکل اسی طرح جیسے روس کے پاس بھی ہیں۔
ٹرمپ نے گزشتہ ایک دو روز کے دوران یہ کہہ کر کہ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں اور وینس کو مذاکرات روک دینے چاہییں، بغیر کسی معاہدے کے تنازع ختم کرنے کی طرف اشارہ کیا ہے۔ البتہ ٹرمپ نے ابھی تک محاصرہ ختم نہیں کیا۔ امریکہ کو اب کسی شور شرابے کے بغیر عملی طور پر محاصرہ ختم کرکے خاموشی سے خطہ چھوڑ دینا چاہیے۔
سوال: تہران اور واشنگٹن کے درمیان بداعتمادی کی تاریخ، بالخصوص 2015ء کے جوہری معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی اور اس کے بعد ہونے والی فوجی محاذ آرائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی نئے سفارتی فریم ورک کی تشکیل کا امکان اب بھی موجود ہے؟ ایسے معاہدے کو پائیدار بنانے کے لیے کن ضمانتوں اور باہمی عہد و پیمان کی ضرورت ہوگی؟
جیفری ساکس: نہیں، جب تک نیا صدر اقتدار میں نہیں آتا، اسرائیلی حکومت بنیادی طور پر تبدیل نہیں ہوتی اور امریکی سیاسی طبقے کی سوچ میں تبدیلی نہیں آتی، مجھے ایسے کسی فریم ورک کی تشکیل کا امکان نظر نہیں آتا۔
امریکی ووٹرز فوری طور پر امن چاہتے ہیں اور وہ اپنے سیاست دانوں سے کہیں آگے نکل چکے ہیں، لیکن سیاست دان اب بھی اپنی سیاسی ساکھ کھونے سے خوف زدہ ہیں۔
سوال: ایران کے ساتھ فوجی محاذ آرائی پر عالمی برادری کے ردعمل سے اقوام متحدہ کی کارکردگی اور موجودہ بین الاقوامی قانونی نظام کے بارے میں کیا حقیقت سامنے آتی ہے؟ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جواب دہی یقینی بنانے اور مستقبل میں اس طرح کے تنازعات کی تکرار روکنے کے لیے کون سے طریقۂ کار فعال کیے جانے چاہییں؟
جیفری ساکس: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بری طرح ناکام ہوئی۔ سلامتی کونسل میں امریکہ کی کٹھ پتلی حکومتوں نے اسرائیل اور امریکہ کی مذمت کرنے کے بجائے درحقیقت ایران ہی کی مذمت کی!
زیادہ تر یورپی ممالک کا رویہ انتہائی افسوس ناک تھا۔ ہمیں فوری طور پر سفارت کاری میں بنیادی نوعیت کی بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ امریکہ کو ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی پابندی کی طرف واپس آنا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے اس میں وقت لگے گا۔
خوش قسمتی سے، نئی کانگریس میں آنے والے بہت سے سیاست دان امن اور بین الاقوامی قوانین کے حامی ہیں۔ اس لیے حالیہ انتخابات حقیقی پیش رفت کی ایک علامت ہیں۔
سوال: چین، روس اور دیگر ابھرتی ہوئی طاقتیں کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے اور سفارتی حل کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کس حد تک کردار ادا کر سکتی ہیں؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ موجودہ بحران ایک کثیر قطبی بین الاقوامی نظام کی طرف منتقلی کے عمل کو تیز کر سکتا ہے؟
جیفری ساکس: برکس کو اقوام متحدہ کے منشور، بالخصوص اس کی دفعہ 2 کی شق 4، جس میں طاقت کے استعمال کی دھمکی دینے یا طاقت کے استعمال سے متعلق اصول بیان کیے گئے ہیں، کے دفاع میں واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہر خطے کو اپنا علاقائی سلامتی کا ڈھانچہ تشکیل دینا چاہیے، ایسا ڈھانچہ جو خطے سے باہر کی طاقتوں اور یقیناً امریکہ پر انحصار نہ کرتا ہو۔
ایران اور خلیج فارس کے ساحلی ممالک کے حقیقی اختلافات کے مقابلے میں مشترکہ مفادات کہیں زیادہ ہیں۔ یہ اسرائیل اور امریکہ ہی تھے جنہوں نے مشرق وسطیٰ میں اختلافات کو ہوا دی۔
امریکہ کی یہ تخریبی پالیسی، یعنی ہمسایہ ممالک کے درمیان اختلافات کو ہوا دینا، دنیا کے بہت سے دوسرے خطوں میں بھی نظر آتی ہے۔ سلطنتیں ’’تقسیم کرو اور حکومت کرو‘‘ کی پالیسی کے ذریعے چلائی جاتی ہیں۔ برطانیہ بھی اسی طریقے سے اپنی سلطنت پر حکومت کرتا تھا اور امریکی بھی ایک طویل عرصے سے اپنی غیر رسمی سلطنت اسی طریقے سے چلا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ طریقہ برطانیہ ہی سے سیکھا ہے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ اس غیر رسمی سلطنت کا خاتمہ کیا جائے اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی طرف واپس آیا جائے: اپنے دفاع کے سوا طاقت کا استعمال نہ کرنا، قوموں کی برابری، بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون اور دوسرے ممالک پر حکمرانی کرنے والی ایک ’’بالادست طاقت‘‘ بننے کی کوشش سے گریز کرنا۔
سوال: فوری فوجی نتائج سے ہٹ کر یہ جنگ امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر طویل مدتی اقتصادی اور سیاسی سطح پر کیا اثرات مرتب کر سکتی ہے؟ کیا فوجی محاذ آرائی جاری رکھنے کے مالی بوجھ اور عالمی توانائی کی منڈیوں پر اس کے اثرات کے باعث مغربی ایشیا کے حوالے سے واشنگٹن کی مستقبل کی پالیسی متاثر ہو سکتی ہے؟
جیفری ساکس: عالمی سلطنت کا بوجھ اب امریکہ کو اپنی گرفت میں لے رہا ہے۔ ہم ایک ایسی سلطنت کی کلاسیکی مثال دیکھ رہے ہیں جس نے اپنی حدود سے کہیں زیادہ توسیع کر لی ہے۔
امریکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا کے تمام خطوں میں ’’برتری‘‘ یا بالادستی حاصل کرنے کا دعوے دار رہا ہے اور اسی مقصد کے حصول کے لیے کوشش کرتا آیا ہے۔ یہ پالیسی کامیاب نہیں ہوئی۔ اس کا نتیجہ بے شمار ایسی جنگوں کی صورت میں نکلا جنہیں امریکہ نے خود شروع کیا اور جن پر اسے کھربوں ڈالر خرچ کرنے پڑے۔ ان جنگوں نے عوام کے اخراجاتِ زندگی میں اضافہ کیا، شرحِ سود بڑھائی، اپنے اعلان کردہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں اور امریکی ووٹرز کی جانب سے منفی ردعمل کا باعث بنیں۔
یہ بات واضح ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے نقصانات عالمی نوعیت کے ہیں۔ بدقسمتی سے ایران کو بہت شدید نقصان پہنچا ہے اور اس سے پیدا ہونے والی تکلیف اور مصائب پوری دنیا میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایسی جنگ رہی ہے جس میں تمام فریقوں کو نقصان اٹھانا پڑا ہے؛ یہ ایک ایسی جنگ ہے جس کا کوئی جواز نہیں اور جس میں کوئی فاتح نہیں۔
سوال: آپ نے متعدد بار خارجہ پالیسی میں یورپی حکومتوں کی محدود خودمختاری، بالخصوص امریکہ کی فوجی کارروائیوں کے حوالے سے، تنقید کی ہے۔ اس بحران کے سفارتی حل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے یورپی ممالک کو کیا کردار ادا کرنا چاہیے؟ کیا موجودہ صورتِ حال یورپ اور واشنگٹن کے تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے؟
جیفری ساکس: بدقسمتی سے آج یورپی رہنما تقریباً مکمل طور پر تزویراتی بصیرت سے محروم ہیں۔ برطانیہ اور فرانس اب بھی خود کو سلطنتیں سمجھتے ہیں، گویا وہ 1920ء میں زندگی گزار رہے ہوں۔ ان کا رویہ موقع پرستانہ اور نامناسب ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کا دفاع نہیں کرتے۔
زیادہ عمومی طور پر دیکھا جائے تو بیشتر یورپی رہنما روس کے بارے میں غیر منطقی خوف کا شکار ہیں۔ وہ یہ بات نہیں سمجھتے یا اسے تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں کہ یوکرین کی جنگ نیٹو کی توسیع پسندی کے باعث شروع ہوئی، حالانکہ یہ توسیع پسندی کبھی نہیں ہونی چاہیے تھی۔
بنیادی طور پر یورپ اب بھی ایک متحد اور یکساں خارجہ پالیسی سے محروم ہے۔ البتہ صورتِ حال بالکل ایسی بھی نہیں کہ وہاں 28 الگ الگ خارجہ پالیسیاں موجود ہوں (یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے علاوہ برطانیہ)، لیکن حقیقت اس صورتِ حال سے بہت زیادہ مختلف بھی نہیں ہے۔
آپ کا تبصرہ